اے این ایف کی کارروائیاں،16.7 کلو گرام منشیات برآمد ،4ملزمان گرفتار


راولپنڈی (صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)نے منشیات سمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں جاری کریک ڈائون میں 4 کارروائیوں کے دوران16.7 کلو گرام منشیات کرلی ، 4 ملزمان گرفتارکر لئے۔جمعرات کو اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ24گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں میں 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 16.7 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔ٹنڈو جام حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 5 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔

حیدر آباد میں ایک اور یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 2 کلو گرام چرس اور 23 لیٹر شراب برآمد کی گئی ۔ترجمان نے ا بتایاکہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباکو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے ۔دیگر کارروائیوں میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بحرین کے لئے روانہ ہونے والے مسافر کے بیگ سے 2.5 کلو گرام آئس برآمد کی گئی ۔ رائے ونڈ روڈ قصور میں رکشہ میں چھپائی گئی 7.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے ا یک ملزم گرفتار کیا گیا ۔اے این ایف ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔