وزیراعظم کا میجر محمد اکرم شہید کو 53ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کے 53ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میجر محمد اکرم شہید نے مشرقی پاکستان میں لڑتے ہوئے جرات و بہادری کی لازوال مثال قائم کی، میجر محمد اکرم شہید نے دشمن کی عددی برتری کی پرواہ کئے بغیر اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میجر محمد اکرم شہید نے فرض شناسی اور وطن سے عہد وفا کی ایسی مثال قائم کی جو نوجوان نسل کیلئے قابل تقلید ہے، مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے وطن کے عظیم بیٹوں کیلئے پوری قوم کے عقیدت کے جذبات ہیں، پاکستانی قوم اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کی وطن کے دفاع کیلئے دی گئی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر ے گی۔