اے این ایف کی کارروائیاں،2621.17 کلو گرام منشیات برآمد،12ملزما ن گرفتار


راولپنڈی (صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے منشیات سمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں 9 کارروائیوں کے دوران 12 ملزمان کو گرفتارکر لیا ۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری 24 گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں میں 19 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 2621.17 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔

اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کو گرفتار کر کے 90 گرام آئس برآمد کی گئی۔پنڈی روڈ کوہاٹ پر کالج کے قریب دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 280 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔فتح جنگ روڈ اٹک میں کالج کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3.400 کلو چرس برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔دیگر کارروائیوں میں گوجرانوالہ میں میران جی ٹائون کے قریب ملزم کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر 24 کلو گرام چرس اور 72 کلو گرام افیون برآمد کر لی گئی۔ایم ون اسلام آباد کے قریب دو کارروائیوں میں 6 کلوگرام افیون 50.400 کلو گرام چرس برآمد کر کے 3 ملزمان گرفتار کئے گئے۔راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب ٹرک میں چھپائی گئی 10 کلو گرام آئس برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان سے سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 2100 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔قلعہ عبداللہ میں مسلم باغ کے قریب گاڑی سے 355 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔