لاہور(صباح نیوز) وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز پر حملوں کے لئے غیر ملکیوں کو احتجاج میں لایا گیا ، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 26 نومبر کی ناکام بغاوت کے تمام ثبوت سامنے آ گئے۔عظمی بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی جی اسلام آباد، سیکرٹری داخلہ، ڈی پی او اٹک کی پریس کانفرنس ناقابلِ تردید شواہد ہیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پر حملوں کے لئے غیر ملکیوں کو احتجاج میں لایا گیا جبکہ احتجاج میں شریک افراد تربیت یافتہ اور تخریب کاری کے ماہر تھے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد کی اکثریت کا پاکستان میں کوئی ریکارڈ ہی نہیں ۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کے پی حکومت کے پاس دہشت گردوں سے لڑنے کے لئے اسلحہ نہیں جبکہ فیڈریشن پر چڑھائی کے لیے جدید اسلحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاشوں کی سیاست کرنے والے اب تک درجن بھر بیانات تبدیل کر چکے ہیں۔وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ فتنہ پارٹی کا سوشل میڈیا ہی اس کیلئے وبال جان بن چکا ہے، اب وقت آگیا ہے پاکستان میں سوشل میڈیا کو ہر سطح پر ریگولرائز کیا جائے، جنہوں نے انقلاب لانا تھا اب وہ ایک دوسرے پر ٹائوٹ اور جاسوس کے الزامات لگا رہے ہیں۔