27نومبرکے سانحہ اسلام آباد کی مکمل تحقیقات اور فیکٹ فائنڈنگ کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے،لیاقت بلوچ


ملتان(صباح نیوز) نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 27نومبر کے سانحہ اسلام آباد کی مکمل تحقیقات اور فیکٹ فائنڈنگ کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔ ملتان میں جنوبی پنجاب کے قائدین کے سیاسی تنظیمی اور سماجی مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا، ملتان میں معروف زمیندار، مخیر اور سیاسی رہنما ملک احمد حسن دہیڑ نے آغوش اور الخدمت ہسپتا ل کے لیے پرائم ایریا میں 13 کنال اراضی وقف کی اور کاغذات لیاقت بلوچ کے حوالے کیے۔

اِس موقع پر صہیب عمار صدیقی، سید ذیشان اختر، شنا سرانی، ڈاکٹر محمد اشرف عتیق، حافظ محمد اسلم، محمود بشیر اور دیگر رہنما موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے قائدین اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سانحہ اسلام آباد کے حوالے سے بیان دیکر ابہام دور کئے ہیں، 27 نومبر سانحہ اسلام آباد کی مکمل تحقیقات اور فیکٹ فائنڈنگ کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، آئینی بنچ آئین کے مطابق عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری سماعت کرے اور حقائق کی تلاش کے لیے کمیشن قائم کرے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ سپریم کورٹ آئینی بنچ بجلی فروخت پر حکومتی لوٹ مار سے عوام کو نجات دِلائے۔ مہنگی بجلی، گیس، پٹرول کے ساتھ قومی معیشت بحال نہیں ہوسکتی۔ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے نئے اضافی ٹیکسوں کے نفاذ، مِنی بجٹ لانے کی بجائے وفاقی اور صوبائی حکومتیں غیرترقیاتی اخراجات میں 25 فیصد کمی کریں اور سرکاری سطح پر عیاشی، مفت خوری بند کی جائے۔ اقتصادی بحرانوں میں اب عوام کے لیے مزید معاشی بوجھ برداشت کرنا ممکن نہیں ہے۔ مہنگائی اور پیداواری لاگت میں بے تحاشا اضافہ جرائم اور بیروزگاری بڑھا رہا ہے۔ تجارتی محاذ پر یہ صورتِ حال تشویش ناک ہے کہ انٹرنیٹ کی انجینئرڈ سست روی سیاسی عدم استحکام کو تیز کررہی ہے۔لیاقت بلوچ نے بلدیات کے سابق کونسلرز، چیئرمین اور لیڈی کونسلرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں منتخب بلدیاتی ادارے بحال کیے جائیں، پنجاب کے 13 کروڑ عوام کے شہری حقوق بحال کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کرانا حکومت کا آئینی حق ہے، پنجاب حکومت آئین سے بغاوت ترک کرے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ طلبہ یونینز کی بحالی سے نوجوان نسل کی سیاسی قومی تربیت ہوگی۔ حکمران باہمی اندرونی انتشار، بلیک میلنگ کی وجہ سے عوام اور نوجوانوں کو بنیادی آئینی حقوق سے محروم کررہی ہے۔ لیاقت بلوچ نے سوال کے جواب میں کہا کہ جماعتِ اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل ضلع کرم پارہ چنار اور سدہ میں امن کی بحالی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ اسلام آباد میں ملی یکجہتی کونسل کا مرکزی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں ضم اضلاع میں امن کی بحالی دہشت گردی کا خاتمہ وفاقی، صوبائی حکومتوں اور قومی دینی سیاسی قیادت کی ترجیح ہونی چاہیے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی طرف سے معذور افراد کے لیے ٹکٹ میں 50 فیصد رعایت کا خیرمقدم کرتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ریاست کا فرض ہے کہ معذوری کے شکار افراد کو بہتر سہولتیں دی جائیں۔