بانی تحریک انصاف عمران خان نے جوڈیشل کمیشن میں پارٹی کے نمائندے تبدیل کردئیے

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جوڈیشل کمیشن میں پارٹی کے نمائندے تبدیل کردئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڈیشل کمیشن میں قومی اسمبلی سے عمر ایوب کی جگہ اب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر یا لطیف کھوسہ پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔

دوسری جانب سینیٹ سے شبلی فراز کی جگہ اب بیرسٹر علی ظفر مستقل طور پر جوڈیشل کمیشن اجلاس میں تحریک انصاف کے نمائندہ ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ عمر ایوب اور شبلی فراز پر مقدمات کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے ان کی جگہ نئے ناموں کی منظوری دی گئی۔یاد رہے کہ حال ہی میں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد حزب اختلاف کی جانب سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ سے شبلی فراز کو جوڈیشل کمیشن میں شامل کیا گیا تھا۔