15دسمبر کو بلوچ پشتو ن قوم کے قبائلی عمائدین کا مشترکہ قومی جرگہ بلائیں گے ہدایت الرحمان بلوچ

کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ،ممبر بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حق دوبلوچستان مہم کامیاب ہونے کی صورت میں بلوچستان کو جائز حقو ق مل سکتے ہیں رابطہ عوام مہم میں ممبرسازی پر خصوصی توجہ دی جائے 15دسمبر بلوچ پشتو ن قوم کے قبائلی عمائدین کا مشترکہ قومی جرگہ بلاکر حقوق کے حصول ،زیادتیوں ،لوٹ مار ،اغواء ،بھتہ خوری وبدامنی کے خلاف ،انصاف کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں گے مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں روزانہ کی بنیاد پر ”عوامی بیٹھک ”کے نام سے کام شروع کریں گے ۔حق دوبلوچستان مہم کے تحت 8دسمبر کو نوشکی ،22دسمبرگوادر،5جنوری ڈیرہ مرادجمالی ،12جنوری جعفرآبادمیں عوامی جلسے ہوں گے ۔بلوچستان ہماراہے ہم ہی اس کے وارث اور ان کے حقوق کا دفاع کریں گے ۔وسائل کی بندربانٹ،لوٹ مار ،اغواء برائے تاوان ،لوگوں کو لاپتہ کرناکب تک ہم برداشت کریں گے عوام کو بیدار کرکے حقوق کے حصول ،ترقی وخوشحالی کاسفر شروع کریں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے صوبائی سیکرٹری میں صوبائی ذمہ داران ماہانہ تنظیمی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ،نائب امراء زاہداختربلوچ ،ڈاکٹرعطاء الرحمان ،بشیراحمدماندائی ،حافظ نورعلی ،پروفیسر مولانا محمد ایوب منصور،حافظ مطیع الرحمان مینگل ،مولانا محمد عارف دمڑ،ڈپٹی جنرل سیکرٹریزنورالدین غلزئی ،صابر صالح پانیزئی ،مولانا عبدالناصرشہاب زئی ،سلطان محمد محنتی ،عبدالولی خان شاکر،امیر ضلع کوئٹہ عبدالنعیم رند،جنرل سیکرٹری اعجازمحبوب نے شرکت کی اس موقع پر ذمہ داران نے اپنے اپنے شعبہ جات ودیگر تنظیمی رپورٹ پیش کی ۔

ذمہ داران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان بلو چ ودیگر نے خطاب میں مزید کہاکہ رابطہ عوام مہم میں ووٹرسازی، ممبرسازی ،کارکن سازی  میں اضافہ کرکے ہی ارکان میں اضافہ ممکن ہوگا تنظیم کی فعالیت ووسعت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔حق دو مہم کو بھر پور اندازمیں چلانے کیلئے سب کو فعال بیدار ہونا ہوگا ممبر سازی مہم سال کے آخر تک لازمی چلائیں گے گھر گھر تک جماعت اسلامی کاپیغام پہنچانے کیلئے متحد ہوکر تنظیم کو فعال کرکے جدوجہد کریں گے ۔بلوچستان میں مقتدر قوتوں نے مرضی سے عوام کی رائے و منشاکے خلاف جعلی ممبران اسمبلی ،جعلی قیادت وحکومت بٹھاکر عوام کے حقوق غصب کیے صوبائی حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے ،حقوق فراہم کرنے اورسیکورٹی فورسزاربوں فنڈزوسائل ہڑپ کرنے کے باوجودعوام کی جان ومال کی حفاظت میں ناکام ہوئی ہے جو لمحہ فکریہ ہے بدقسمتی سے اہل بلوچستان کو سیاسی آزادی ،بنیادی حقوق تک میسرنہیں پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد اسمبلی سے پاس کرکے بلوچستان اسمبلی کوبدنام ،غلام وربڑاسٹیمپ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ۔ مصور کاکڑسمیت لاپتہ وغائب کیے گیے افرادبازیاب کیے جائیں دکی زیارت ،پنجگورنوشکی سمیت دیگر پرامن علاقوں میں بدامنی پھیلانے کے ذمہ دار ایف سی وسیکورٹی ادارے ہیں ۔ ٹرکوں کو جلانا ،ٹرانسپورٹرزوعوام کو تنگ ،بھتہ خوری ،غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہیں ۔اسمبلی میں صوبہ بھر کے عوام کی نمائندگی ،حقوق کو اجاگر ،زیادتیوں ناانصافیوں کے خلاف ہر صورت آوازبلند کرونگا