دھرنوں نے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کردی تھی، دھرنے کے سبب ایک دن میں اسٹاک ایکسچینج کے پوائنٹس ساڑھے تین ہزار کم ہوگئے، وزیر اعظم شہبازشریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں کمی آئی ہے۔ امید ہے عام آدمی پر بوجھ کم ہوگا۔ افراط زر اب مزید کم ہوگا تاہم یہ فیصلہ اسٹیٹ بینک کو کرنا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ طویل عرصے کے بعد مہنگائی کم ہوکر 4.9 فیصد پر آگئی ہے۔ مہنگائی وہ معاملہ ہے جس سے غریب آدمی براہ راست متاثر ہوتا ہے۔مہنگائی کم ہوئی ہے، اب ہمیں گروتھ کی طرف بڑھنا ہے۔ ملک میں چینی کی وافر مقدار کے پیش نظر برآمد کرنے کی اجازت دی گئی، چینی برآمد ہونے کے باوجود قیمت میں کمی ہوئی، چینی برآمد کرنے سے ملک کو 500 ملین ڈالر کا فائدہ ہوا۔ آرمی کی مکمل گرفت سے اسمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہوا، ایف بی آر محصولات کا ہدف حاصل کرے گا تو نظام میں بہتری آئے گی۔  انہوں نے کہا کہ دھرنوں نے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کردی تھی، دھرنے کے سبب ایک دن میں اسٹاک ایکسچینج کے پوائنٹس ساڑھے تین ہزار کم ہوگئے لیکن جیسے ہی دھرنے کے خلاف کارروائی ہوئی اور دھرنا ختم ہوا تو اسٹاک مارکیٹ اگلے دن دوبارہ کم بیک کرگئی، پچھلا نقصان بھی پورا کیا اور مزید گین کیا،اس کا مطلب ہے کہ استحکام ہو تو معیشت بہتر ہوتی ہے، اس لئے ہمیں معاشی استحکام کی طرف بڑھنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں اسمبلی میں کھڑے ہوکر کہا گیا کہ پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ہیں۔ پائلٹس کے جعلی ڈگری کے بیان سے ملک کو بہت نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقتصادی اہداف حاصل کریں گے۔ معاشی بہتری کے اثرات آنے والے دنوں میں مزید مثبت ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خواجہ آصف اور ٹیم کی کاوشوں سے یورپ کیلئے براہ راست پروازوں کا معاملہ حل ہوا ہے۔ میں خواجہ آصف اور ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں خواجہ سعدرفیق  اور اتحادیوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں، گزشتہ اتحادی حکومت نے بھی معاملے کیلئے بھرپور کاوشیں کیں۔