اقامت دین کی راہ میں جدوجہد اور اس راہ میں چلے بغیرقرآن کو سمجھنا ممکن نہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق

اسلام آباد(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان  کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ قرآن کریم کی تعلیمات کو سمجھے بغیر اقامت دین کا تصور محال ہے اور اقامت دین کی راہ میں جدوجہد اور اس راہ میں چلے بغیرقرآن کو سمجھنا ممکن نہیں،  حلقہ خواتین جماعت اسلامی  کو معاشرے کے ہر طبقہ فکر کی خواتین تک جماعت اسلامی کی دعوت کو لے کر جا نا ہے اور انھیں دین کی صحیح دعوت اور فہم سے آشنا بھی کرنا ہے،انھوں نے کہا جماعت ایک سیاسی جماعت کے طور پر ریاستی اداروں جیسا کام کر رہی ہے جو کام حکومت اور ریاست کے کرنے کے ہیں وہ جماعت اسلامی کر رہی ہے ہمیں ہر کام کے لیے جماعت کی پالیسی کو مدنظر رکھنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے جماعت اسلامی حلقہ خواتین پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے کہا کہ ہماری دعوت کا سب سے اہم ہدف نوجوان اور استاد ہیں،ان کا رول معاشرے میں اہم ترین ہے،ان کو دعوت دے کر اپنے ساتھ ملایا جائے اور تربیت کر کے معاشرے کی موثر قیادت کے لیے تیار کیا جائے۔