اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ڈیٹا سروس مکمل فعال ہے اور تمام ایپس درست کام کر رہی ہیں نجی ٹی وی سے گفتگو میں شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری براڈ بینڈ استعمال کرتی ہے اور حکومت نے براڈ بینڈ بند نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ڈیٹا سروس مکمل فعال ہے اور ڈیٹا سروس پر تمام ایپس درست کام کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موبائل ٹاور پاکستان میں ضرورت سے کم ہیں اور اس کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شزا فاطمہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایکس کو بند کیا گیا ہے اور پاکستان میں 2 فیصد سے کم لوگ ایکس استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آزادی رائے پر پابندی ہوتی تو فیس بک اور ٹک ٹاک کو بھی بند کیا جاتا جو زیادہ تر افراد کے استعمال میں ہیں۔وزیر مملکت نے مزید کہا کہ فائر وال کا ہوا بنایا گیا ہے جبکہ یہ ایک ویب مینجمنٹ سسٹم ہے اور حکومت کو بہتر سے بہتر سائبر سکیورٹی سسٹم کی ضرورت ہے۔