اسلام آباد (صباح نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی شام پی ٹی آئی کور کمیٹی کے ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کارکنوں کو سنگجانی کے بجائے ڈی چوک کون لے کر گیا؟ اس حوالے سے ذمہ داری فکس کی جائے اور پارٹی اس کا بھی تعین کرے کہ کس نے ورکرز کو تصادم کی طرف دھکیلا؟۔ کور کمیٹی کی جانب سے حکومت سے کارکنوں پر مظالم کا حساب لینے کے ساتھ خود احتسابی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں کمیٹی ارکان کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے کہ بانی پی ٹی آئی نے ڈی چوک پہنچے سے پہلے ہی جب مذاکرات کی اجازت دے دی تھی تو کون رکاوٹ بنا؟ اور ڈی چوک احتجاج کے دوران مرکزی لیڈرشپ کہاں تھی؟ اس بات کا بھی جواب لیا جائے۔ ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے مبینہ طور پر جاں بحق ورکرز کا ٹھوس ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی اور اموات کے حوالے سے بنا ٹھوس شواہد مفروضوں پر بات سے بھی روک دیا گیاہے۔
بعض کور کمیٹی ارکان کی جانب سے پارٹی قیادت سے اہم فیصلوں پر اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات کیا اظہار کیا گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سینئر قیادت کور کمیٹی کے آئندہ فیصلہ سازی میں اعتماد میں لینے کے مطالبے سے متفق ہوئی جبکہ بعض ارکان کی جانب سے ورکرز کو بے یارو مددگار چھوڑنے والوں کیخلاف وائٹ پیپر لانے کی بھی تجویز پیش کی گئی۔