اسلام آباد(صباح نیوز) نو منتخب ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد قدسیہ ناموس کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عفت سجاد نے قدسیہ ناموس سے سیشن 2024تا 20260کے لیے حلف لیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عفت سجاد نے کہا کہ ذمہ داری بلاشبہ ایک بھاری کام ہے لیکن جب اللہ تعالی اس کام کے لیے کسی کو منتخب کرتے ہیں تو راہنمائی اور استعانت بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جسے ذمہ داری کے لیے اللہ نے منتخب کیا ہے وہ یقینا اس کا اہل ہے،اس لیے اللہ کی مدد کا پورا یقین کرتے ہوئے اس بوجھ کو اٹھایا جائے تو صالحیت اور صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذمہ داریاں انسان کو اس طرح مانجھتی ہیں جیسے آگ سونے کو کندن بناتی ہیں۔ قبل ازیں رکن ضلعی شوری راحیلہ بقائی نے تذکیری گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شھدا علی الناس کی ذمہ داری ہماری اولین ترجیح ہے،اگر ناظمہ کی حیثیت کسی مشین کو چلانے کی ہے تو ارکان جماعت اس مشین کے پرزے ہیں،میدان میں اس دعوت کوہرفرد تک پہچانا ارکان جماعت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دین کا کام ہمہ وقتی ہے ،اس لیے اس کو ترجیح اول پر رکھتے ہوئے،ہمہ وقت داعی کا کردار ادا کرنا ہے۔سابقہ ناظمہ اسلام آباد نصرت ناہید نے ذمہ داری کہ تکمیل پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت رکن ہم کسی وقت بھی اپنا عہد رکنیت کو بھول نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ اس دعوت کے مخاطب سب سے پہلے ہمارے بچے اور خاندان کے لوگ ہونے چاہییں تاکہ دین کے کام میں ہماری اولاد دست و بازو بنے۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عفت سجاد نے قدسیہ ناموس سے سیشن 2024تا 20260کے لیے حلف لیا ۔مرکزی راہنما سکینہ شاہد نیدعا کرائی