اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے دوحہ میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے انسداد بدعنوانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دوسری وزارتی کانفرنس کے موقع پر ریاست قطر کے وزیر انصاف اور کابینہ امور کے وزیر مملکت ابراہیم بن علی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی ہے۔وزارت قانون کی جانب سے یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے قانونی اور عدالتی اصلاحات، بدعنوانی کے خاتمے اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے میں بہترین طریقوں کے تبادلے اور قانونی شعبوں میں علم و مہارت کی شراکت کے لئے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر علاقائی اور عالمی سطح پر بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے لئے مشترکہ عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔دونوں وزرا نے اسلامی تعاون تنظیم کے دائرہ کار میں کثیر الجہتی تعاون کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو تسلیم کیا اور باہمی مقاصد کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ دوحہ میں 26 اور 27 نومبر 2024 کو منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے انسداد بدعنوانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دوسری وزارتی کانفرنس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔