وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ڈی چوک سے خیبر پلازہ تک دورہ،کلیئر کرائے علاقوں کا جائزہ لیا


 اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک سے خیبر پلازہ تک دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک میں ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں سے ملاقات کی اور جوانوں کی جوانمردی کی تعریف کی۔ وزیرداخلہ نے ڈی چوک اور اسلام آباد کے علاقے کلیئر کرانے پر رینجرز، اسلام اباد، پنجاب و سندھ پولیس، ایف سی اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے علاقوں کا جائزہ لیا اور سٹرکوں کی فوری صفائی کا حکم دیا اور اس ضمن میں سی ڈی اے کو صفائی کے لئے ہدایات دیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شرپسندوں کے حملوں سے عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کا  جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سٹرکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کی ۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں کہ شرانگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوئی، رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ مظاہرین کو پسپا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج، ایف سی، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ پولیس کو جراتمندانہ کردار پر مبارک باد دیتا ہوں، آج پرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی ہے۔