اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد سڑکوں سے کنٹینر ہٹادیئے گئے ،وفاقی دارالحکومت میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بحال کردی گئی ،تعلیمی ادارے بھی آج بروز جمعرات سے کھولنے کافیصلہ کرلیاگیا،سڑکیں کھولنے سے شہریوںکی مشکلات کم ہوگئیں سڑکیں کھولنے کے باوجود ٹریفک معمول سے کم ہے۔
تفصیلات کے مطابق 23نومبر بروز ہفتہ سے وفاقی دارالحکومت کو مکمل بندکردیاگیاتھا وفاقی دارالحکومت کو 33مقامات سے کنٹینر لگاکر بندکئے گئے تھے جبکہ تمام موٹرویز بھی بندکئے گئے تھے بدھ کو الصبح تحریک انصاف کے احتجاج کے خلاف آپریشن کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین سے اسلام آباد کا ڈی چوک سمیت مین بلیوائیریہ کا علاقہ کلیئر کیاگیا جس کے بعد سے پورے اسلام آباد کے داخلے اور اندرون شہر لگائے گئے کنٹینرز ہٹانا شروع کردیئے گئے دوپہر تک تمام سڑکوں سے کنٹینر ہٹاکر راستے کلیئر کردیئے گئے
راستوں سے رکاوٹیں ہٹنے کے بعد شہریوں کے لیے اندورن شہر آمدورفت بحال ہوگئی ہے مگر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم رہی۔امن وامان کی صوتحال بہتر ہونے کے بعد حکومت نے اسلام آباد میں بند موبائل انٹر نیٹ سروس بھی بحال کردی ۔کئی دن سے اسلام آباد کے داخلی راستے بندہونے سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوںمیں اضافہ ہوگیا تھاجو راستے کھلنے کی وجہ سے معمول پرآجائیں گی۔