اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین تصادم میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے ۔صدر مملکت نے پولیس اور رینجرز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ،صدر مملکت نے شہید سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے ، صدر مملکت نے جاں بحق اہلکاروں کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سری نگر ہائی وے پر احتجاجیوں کی جانب سے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ،وزیرِاعظم نے حملے میں گاڑی سے کچلے گئے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے
،وزیرِاعظم نے شہید اہلکاروں کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعاکی ہے ،وزیرِ اعظم نے واقعہ میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے ،وزیرِ اعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز و پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں،
انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے ،پولیس و رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کیلئے مامور ہیں ،انتشاری ٹولے کے ہاتھوں سکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کر دی گئیں،انتشاری ٹولہ گزشتہ روز پولیس اہلکار اور شہید کئے گئے رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں و اہلِ خانہ کو جوابدہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں، خونریزی چاہتا ہے ،یہ پر امن احتجاج نہیں، شدت پسندی ہے،پاکستان کسی بھی انتشار اور خوں ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا،مذموم سیاسی مقاصد کے لئے خون ریزی نا قابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے، مجھ سمیت پوری قوم شہید ہونے والے رینجرز و پولیس کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔