لاہور (صباح نیوز)الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام مغلپورہ میں روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کل 7 لیڈی ڈاکٹرزنے اپنی خدمات دیں، جن میں 4جنرل فیزیشنز، 1 ماہر غذائیت، 1 گائنا کالوجسٹ اور 1 آرتھو پیڈک شامل تھیں، کیمپ میں کل 301 افراد (بچوں اور وعورتوں) کا طبی معائنہ کیا گیا اور تمام مریضوں کو فری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔فری میڈیکل کیمپ میں الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ پاکستان صبا ثاقب، کرن مبشر انچارج ہیلتھ سروسز، نورین عثمان، محمد عثمان افضل کنسلٹنٹ بنو قابل پروگرام اور دیگر نے خصو صی شرکت کی۔اس موقع پر الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ پاکستان صبا ثاقب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی خدمت انسانیت میں مصروف ہے
انہوں نے کہا کہ اگر ایک جانب الخدمت فاؤنڈیشن ملک کے اندر غریب اور پسے ہوئے طبقہ کو اوپر لانے کے لئے روز گار ، صحت،تعلیم ، پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے تو اس کا ساتھ ساتھ کسی بھی نا گہانی صورت حال میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر امدادی سرگرمیوں میں بھی صف اول میں نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اس وقت اسرائیلی بمباری اور مظالم سے متاثرہ اپنے فلسطینی بہن بھائی بہنوں او ر بچوں کو غذائی اشیاء ،ادویات،علاج معالجہ اور دیگر ضروریات کی اشیاء کی فراہمی اور ان کی بحالی کے لئے بھی بھر پورکردار ادا کر رہا ہے اور غزہ میں جنگ بندی کے بعد بھی اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ مغلپورہ کے پسماندہ علاقہ میں میڈیکل کیمپ کے انعقاد سے سینکڑوں علاقہ مکینوں کو علاج معالجہ کی سہولت میسر آئی ہے ۔مریضوں کو سینئر ڈاکٹروں کی جانب سے چیک اپ کے علاوہ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں ہیں۔اہل علاقہ کے مطالبہ پر آیندہ بھی یہاں ایسے فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کیا جائے گے،، علاقہ مکینوں نے الخدمت ٹرسٹ کی اس کوشش کو سراہا اور اس طرح کے میڈیکل کیمپ ہر ماہ لگانے کی درخواست بھی کی اس پسماندہ علاقہ میں اس طرح کا کیمپ پہلی بار کیا گیا جہاں لوگوں کو ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ مشاورت اور چیک اپ کا یکساں موقع ملا۔