اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم نے سری نگر ہائے وے پر رینجرز و پولیس اہلکاروں پر احتجاجیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے گاڑی سے کچلے جانے والے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر دکھ وغم کا اظہار کیا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی شہید اہلکاروں کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور حملے میں زخمی رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نام نہاد پرامن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں، پولیس اور رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کیلئے مامور ہیں۔ انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ نشانہ بنارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پرامن احتجاج نہیں بلکہ شدت پسندی ہے، انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں بلکہ خون ریزی چاہتا ہے، پاکستان کسی بھی انتشار اور خون ریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انتشاری ٹولہ پولیس و رینجرز کے شہید اہلکاروں کے لواحقین کو جواب دہ ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ مذموم سیاسی مقاصد کے لیے خون ریزی ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے، پوری قوم رینجرز اور پولیس کے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔