اسلام آباد(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد زون 13 شعبہ الخدمت کے تحت سواں گارڈن مین پارک میں کامیاب مینا بازار کا انعقاد کیا گیا،جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مینا بازار میں متعدد خواتین نے مختلف اشیا کے سٹالز لگائے،جس میں گھر میں بنائی گئی کھانے پینے کی اشیا خصوصا بیکری کی اشیا ،ملبوسات ،جیولری،گرم کپڑے،دستکاری، سٹیشنری، کاسمیٹکس اور سب سے اہم گھر میں تیار کی گئی آرگینک کاسمیٹکس اورڈیٹرجنٹس(detergents) کے ساتھ ڈی ہائیڈریٹڈ فوڈ ،ساگ،دیسی گھی ،شہد اور مختلف آئلز کے بھی کئی سٹالز لگائے گئے۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے خواتین کی محنت کو سراہا۔انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے یوتھ سے کہا کہ آپ ہمارا مستقبل ہیں،ہماری بہنیں اور بیٹیاں بہت قابل ہیں ،ان کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی حکومتی سطح پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا وژن ہے کہ وہ خواتین کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور ہوم انڈسٹری کے فروغ کے لیے خاطر خواہ اقدامات کرے گی۔امیر ضلع نصر اللہ رندھاوا صاحب نے مینا بازار کے حوالے سے اپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان اور شعبہ خدمت تحسین کے لائق ہے جنہوں نے حکومت کے تعاون کے بغیر ،والنٹیرز کی مدد سے اتنے بڑے ایونٹ کا انعقاد کیا،جس میں ڈومیسٹک لیول پر چھوٹے کاروبار کی مارکیٹنگ کے ساتھ ساتھ اسرائیلی پراڈکٹ کے متبادل کوالٹی پراڈکٹس کا تعارف کروایا گیا۔
انہوں نے دستکاری اور گھریلو سطح پر تیار کی گئی مصنوعات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ٹیلنٹ کو اگر حکومت کی سرپرستی ملے تو یہ نوجوان پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔شعبہ الخدمت اسلام آباد کے صدر حامد اطہر نے کامیاب مینا بازار کے انعقاد پر ناظمہ زون سمیرا ظہور اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور تمام خواتین کے گھریلو بزنس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔
حامد اطہر نے سوسائٹی کے صدر انصر محمود گوندل اور ان کی ٹیم کو بھی مینا بازار کا دورہ کرایا۔انہوں نے مینا بازار کے مقاصد کو سمجھتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسے پروگرامات ہے لیے سوسائٹی آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتی ہے۔