اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے جوہان میں دہشتگردوں کے نہتے شہریوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے۔ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم نے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر ِاعظم نے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے،بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کے لوگوں اور اسکی ترقی کے دشمن ہیں۔وزیر ِاعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے،دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔وزیر ِاعظم نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے،دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔