اسلام آباد(صباح نیوز)سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کمیٹی کے صدر اور سینٹری انسپکٹر سلیم بھٹی اور میٹ ریاض مسیح کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے الوداعی تقریب سینیٹر مشاہد حسین سید کی طرف سے منعقد کی گئی جس میں پرتگال کے سفیر فیتھریگل سیلو، سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین،رکن قومی اسمبلی رمیش لال،سابق چیف کمشنرطارق پیرزادہ،منظور مسیح، ممبر ہیومن رائٹس کمیشن محمدضیا کے علاوہ کثیر تعداد میں سی ڈی اے ملازمین نے شرکت کی،اس موقع پر قائدین نے سلیم بھٹی اور ریاض مسیح کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹرمشاہدحسین سید،ممبرقومی اسمبلی رمیش لال،سابق چیف کمشنرطارق پیرزادہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اورہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستانی ہیں جس طرح ہمارے آبا اجداد ملک بنانے میں پیش پیش رہے ہم بھی اس کو سنوارنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، آج کی تقریب مسلم مسیح اور تمام اکائیوں میں اتحاد کی عکاسی کررہی ہے،ہم ایک قوم ہیں یہی وجہ ہے کہ ملک دشمن طاقتیں ہمارے اتحاد سے خوفزدہ ہیں۔اس موقع پرسی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے تمام قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم مشاہد حسین سید کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ ہمیشہ ایسی تقریبات منعقد کرتے ہیں یقینا آج ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے اورایسی تقریبات سے نفرتوں کا خاتمہ ہو گا اور محبتوں کو فروغ ملے گا،انہوں نے کہا کہ سلیم بھٹی نے جہاں اپنی زندگی کے 40سال ادارے کو دیے اپنی پوری زندگی سی ڈی اے مزدور یونین کودی ان کی خدمات کو الفاظ میں بیان نہیں جا سکتا۔