1973ء کا آئین 10؍اپریل کو متفقہ طور پر انتہائی کشیدہ سیاسی حالات میں منظور ہوا جو کسی طور ایک سیاسی کرشمے سے کم نہیں تھا۔ یہ کرشمہ کیونکر تخلیق ہوا، اِس کی داستان بہت دلچسپ اور حددرجہ سبق آموز ہے اور اِس کا ہمارے مستقبل سے نہایت گہرا تعلق ہے۔ راقم الحروف جو اِس پورے عمل میں پسِ پردہ شریک رہا، وہ آج کے نازک مرحلے پر شدت سے محسوس کرتا ہے کہ مختلف مراحل کے مدوجزر تفصیل سے بیان کیے جائیں تاکہ اُن سے رہنمائی حاصل کی جا سکے۔ دراصل قیامِ پاکستان کے بعد جو لوگ برسرِاقتدار آئے، اُن میں سے بیشتر حضرات دستور کی اہمیت کا ادراک ہی نہیں رکھتے تھے۔ برطانوی پارلیمنٹ نے جولائی 1947ءمیں آزادیِ ہند ایکٹ منظور کیا جس کی رُو سے دو آزاد مملکتیں 15؍اگست سے وجود میں آ جائیں گی جن کی اپنی خودمختار دَستور ساز اسمبلیاں ہوں گی اور دَستورکی منظوری تک 1935ءکا ایکٹ نافذ العمل رہے گا۔ نامزد گورنرجنرل کی ایڈوائس پر وائسرائے نے 14؍اگست 1947کو جمہوری آئینی آرڈر جاری کیا جس میں پاکستان کے نامزد گورنر جنرل قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ایڈوائس پر 1935ءکے ایکٹ میں ضروری ترامیم کی گئیں۔
اُن دِنوں ہمارے حکمران غیر معمولی پیچیدہ مسائل میں گِھرے ہوئے تھے۔ بھارت جو پاکستان کے قیام پر سخت پیچ و تاب کھا رہا تھا، اُس کے وزیرِ اعظم جواہر لال نہرو نے اعلان کیا کہ پاکستان صرف چھ ماہ قائم رہ سکے گا اور اِس کے بعد بھارت میں ضم ہونےکیلئے منت سماجت کرنے پر مجبور ہو گا۔ اِس منفی ذہنیت کے تحت نئی مملکت کو ختم کرنے کے جتن کیے جانے لگے۔ ظاہر ہے کہ اِن مخدوش حالات میں دستور سازی پر کماحقہ توجہ دینا بہت دشوار تھا، لیکن جماعتِ اسلامی کے امیر سیّد ابوالاعلیٰ مودودی میدان میں اترے اور حکمران جماعت کو یہ احساس دلاتے رہے کہ اِسلامی دستور کی تدوین ریاست کے استحکام اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئےازبس ضروری ہے۔ بدقسمتی سے دین اور جمہوریت سے بےزار اَور طاقت کے نشے میں چُور ایک مختصر مگر بہت طاقت ور طبقہ اِس امر کی کوشش کرتا رہا کہ سرے سے دستور سازی نہ ہونے پائے۔ اِس کش مکش کے نتیجے میں پاکستان اپنا دستور نافذ کرنے میں بھارت سے سات سال پیچھے رہ گیا اور اِس بنا پر گوناگوں مسائل کا شکار ہوتا گیا۔
پاکستان کے اعلیٰ ترین منصب پر فائز گورنرجنرل غلام محمد نے اپریل 1953ءمیں وزیرِاعظم خواجہ ناظم الدین کو برطرف کر ڈالا جنہوں نے چند ہفتے قبل ہی اسمبلی سے بجٹ منظور کرایا تھا۔ یہ جمہوریت کیلئے پہلا بڑا دَھچکا تھا۔ اُن کے بعد وزیرِاعظم محمد علی بوگرا نے ایک ڈیڑھ سال کی شبانہ روز محنت سے دستور ساز اسمبلی سے ایک ایسا دستور منظور کرا لیا جو حددرجہ متوازن اور دَونوں بازوؤں کیلئےقابلِ قبول تھا۔ اِس میں بنگلہ زبان کو قومی زبان کا درجہ دے دیا گیا تھا جو 1948ءکے اوائل سے ایک خطرناک سیاسی تنازع کی شکل اختیار کر گیا تھا۔ وزیرِاعظم نے بڑے فخر سے یہ بھی اعلان کیا کہ منظورشدہ آئین قائدِ اعظم کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے 25 دسمبر 1954 ءکو نافذ ہو جائے گا، مگر گورنرجنرل غلام محمد نے ایک حکم کے ذریعے 24؍اکتوبر کو دستور ساز اسمبلی ہی تحلیل کر ڈالی، ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور وَزیرِاعظم محمد علی بوگرا اَپنی کابینہ سمیت برطرف کر دیے گئے۔ پھر سیاسی بالادستی کا مذاق اڑانے کیلئےمعزول شدہ وَزیرِاعظم کی سربراہی میں ’باصلاحیت افراد‘ پر مشتمل کابینہ قائم کی جس میں میجر جنرل اسکندر مرزا وَزیرِ داخلہ اور کمانڈر اِن چیف جنرل ایوب خاں وزیرِ دفاع کے طور پر شامل کر لیے گئے۔ سندھ چیف کورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جارج کنسٹنٹائن (Constantine) نے اِس اقدام کو غیرآئینی اور غیرجمہوری قرار دَے دیا جبکہ فیڈرل کورٹ کے فل بینچ نے چیف جسٹس جناب محمد منیر کی سربراہی میں اِس اقدام کو ٹیکنیکل گراؤنڈ پر جائز ٹھہرایا۔ فاضل جسٹس اے آر کارنیلیس نے اِس فیصلے سے اختلاف کیا اور اَکثریتی فیصلے کو اُدھیڑ کر رکھ دیا۔ مفلوج گورنرجنرل کی زبردست خواہش یہ تھی کہ ایک کٹھ پتلی کنونشن کے ذریعے ایک من پسند دستور منظور کرا لیا جائے، مگر ایک دوسرے مقدمے میں فیڈرل کورٹ نے فیصلہ دیا کہ ایک نئی دستور ساز اسمبلی منتخب کی جائے جو آئین منظور کرے اور وُہ منسوخ شدہ قوانین کی توثیق کی مجاز ہو گی۔ اِس طرح گورنرجنرل کے ٹولے کو غیرمعمولی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
نئی دستور ساز اسمبلی میں مشرقی بنگال سے حسین شہید سہروردی، اے کے فضل الحق اور شیخ مجیب الرحمٰن منتخب ہو کر آئے اور بھاری اکثریت سے چودھری محمد علی وزیرِاعظم چُنے گئے۔ اُنہوں نے جناب سہروردی کو وَزارت ِقانون کا منصب عطا کیا، چنانچہ اُنہوں نے وقت ضائع کیے بغیر مختلف سیاسی جماعتوں سے دستور سازی کیلئے مذاکرات شروع کر دیے۔ اُن کی پیہم کوششوں سے ملک کے دونوں بازو پیریٹی کے اُصول پر متفق ہو گئے جو بہت بڑا بریک تھرو تھا۔ اِس سیاسی مفاہمت کے نتیجے میں دستور 23مارچ 1956ءکو نافذ ہوا جس پر پورے ملک میں بےپناہ خوشی منائی گئی کیونکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے اعلان سے اُنہیں برطانوی راج سے مکمل آزادی حاصل ہو گئی تھی اور اِسلام ریاست کا مذہب قرار پایا تھا۔ 1956ء کے دستور میں اِس قدر صوبائی خودمختاری دی گئی کہ جب ستمبر 1956ءمیں جناب حسین شہید سہروردی وزیرِ اعظم بنے، تو اُنہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے وسیع و عریض ہال میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستور میں ہماری صوبائی خودمختاری کے 98 فی صد مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔ اِس آئین کی غیر معمولی اہمیت یہ تھی کہ قراردادِ مقاصد اُس کے دیباچے میں شامل تھی جس میں اللّٰہ تعالیٰ کی حاکمیت کے اعلان کے ساتھ یہ رہنما اصول پوری صراحت سے واضح کر دیا گیا تھا کہ اقتدار ایک مقدس امانت ہے اور اِسے صرف عوام کے منتخب نمائندے ہی بروئےکار لانے کے مجاز ہوں گے۔ اِس میں اقلیتوں کے حقوق کی مکمل ضمانت بھی دی گئی تھی اور شہری آزادیوں کا پورا خیال رکھا گیا تھا۔ بدقسمتی سے دو ڈھائی سال کے اندر ہی سول اور ملٹری بیورو کریسی کی ملی بھگت سے آئین کی بساط ہی لپیٹ دی گئی، مارشل لاؤں کا ایک المناک سلسلہ چل نکلا اور پھر ملک عوام کی اُمنگوں کے مطابق آئین کی جستجو میں عشروں بھٹکتا رہا۔ (جاری ہے)
بشکریہ روزنامہ جنگ