لاہور (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بابا گرو نانک کے جنم دن پر دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کو مبارک باد پیش کی ہے۔ بابا گرو نانک کے جنم دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بابا گرو نانک ہمیشہ انسانیت، محبت اور اخوت کے علمبردار رہے،
پرامن معاشرے رواداری اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہوتے ہیں، بابا گرونانک نے ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹنے کی تلقین کی۔ا نہوںنے کہا کہ پنجاب کے نادار اقلیتی افراد کے لئے دسمبر میں “مینارٹی کارڈ” فعال کیا جائے گا، نادار اقلیتی بہن بھائیوں کو مینارٹی کارڈ سے ہر سہ ماہی 10 ہزار روپیدیے جائیں گے، اقلیتوں کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے کے لئے مینارٹی ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کیا جائے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ہر شہری کو تمام سہولتیں اور حقوق ملنے چاہئیں چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، مل جل کر سرزمین پاک کو امن و آشتی اور رواداری کی مثال بنانا ہے۔