93 لاکھ غریب خاندان بی آئی ایس پی سے منسلک ہیں، سینیٹر روبینہ خالد


 اسلام آباد(صباح نیوز) چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے  چیئر پرسن نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشنNAVTTC  محترمہ گلمینہ بلال سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بی آئی ایس پی کے مستحق خاندانوں کے افراد کی مقامی و بین الاقوامی  رجحان کے مطابق مختلف شعبہ جات میں سکل ٹریننگ اور معیاری سرٹیفکیشنز کی فراہمی  کیلئے باہمی اشتراک پر  تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹر روبینہ خالد نے چیئرپرسن   NAVTTC کو بتایا کہ اس وقت 93 لاکھ غریب خاندان بی آئی ایس پی سے منسلک ہیں۔ ان خاندانوں کو غربت سے باہر نکالنے کیلئے ہم  ان غریب خاندانوں کیافراد کو  تکنیکی ہنر کی تربت فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری آئے اور افراد اپنے پاں پر کھڑے ہوں اور ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہیومین ریسورس ڈویلپمنٹ کے ذریعے ان کے ہنر کو  قیمتی اثاثہ جات میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ مستحق افراد کی بیرون ملک ملازمت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ان کی سرٹیفکیشنز بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں۔ انہوں نے بین الاقوامی ممالک میں ہوم کیئرز، نرسنگ اور پیرا میڈک عملے کی بڑھتی ہوئی  مانگ  پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں  بنیادی کام کے طریقہ کار سمیت ان شعبہ جات میں  معیاری تربیت کی فراہمی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔چیئرپرسن   NAVTTC گلمینہ بلال نے بتایا کہ ان کا ادارہ سرٹیفکشنز میں معیاری سکیورٹی پروٹوکولز، تھرڈ پارٹی مانیٹرینگ  اور دیگر مستند ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹس  کیساتھ مشاورت کررہا ہے۔ انہوں نے بی آ ئی ایس پی کے ہنر مند مستحق افراد کے ڈیٹا بیس کی نیوٹیک کیساتھ اشتراک کی بھی تجویز پیش کی۔