موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ملکوں کو 6 ہزار ارب ڈالر درکار ہیں شہباز شریف


 باکو(صباح نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ملکوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے آگے آنا ہوگا اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کے مطابق فنڈز مختص کرنا ہوں گے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف منگل کو باکو (آذربائیجان) میں کانفرنس آف پارٹیز (COP-29) کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے جہاں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نے باکو میں کلائمیٹ فنانس گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ملکوں کو 2030 تک 6 ہزار ارب ڈالرز درکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے چیلنج کا سامنا ہے، پاکستان کو ماضی قریب میں دو تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اب تک سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نہیں نکل سکا،

ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ہمیں معاشی نقصان اٹھانا پڑا۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کو موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی یافتہ ملکوں کی معاونت چاہیے۔