الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی لاہور میں نویں الخدمت یوتھ گیدرنگ کی افتتاحی تقریب


لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت نویں الخدمت یوتھ گیدرنگ کی افتتاحی تقریب الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ،  سی ای او خبیب بلال، سی ای او الخدمت گلوبل شاہد اقبال، سینیئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی، ہیڈ والنٹئیر منیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ صنان اکبر، منیجر حسان بن سلمان ودیگر ذمہ داران سمیت  یوتھ سوسائٹیز کے نمائندگان  اورا مختلف کالجز اور جامعات سے  الخدمت کے  یوتھ ایمبیسڈرز نے شرکت کی۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے  نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے اس موقع پر بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت نویں الخدمت یوتھ گیدرنگ 16 نومبر  کو پرل کانٹی نینٹل ہوٹل  میں منعقد ہوگی ۔ مختلف سیشنز پر مشتمل  الخدمت یوتھ گیدرنگ میں مختلف جامعات کے سربراہان، طلبہ وطالبات ،نامور موٹیویشنل اسپیکرز ، خدمت خلق کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

انہوں نے طلبہ و طالبات کو الخدمت یوتھ گیدرنگ کے حوالے سے ان کی ذمہ داریوں سے آگا ہ کیا اور انکاحوصلہ بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی اصلاح اور تربیت ہم پر فرض ہے۔ اسی مقصد کے حصول کے لیے الخدمت اس قسم کی سر گرمیوں کا انعقاد کرتی ہے۔شاہد اقبال نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے اشعار سنا کر نوجوانوں کے جذبہ کو ابھارا  اور کہا کہ اس یوتھ گیدرنگ کا مقصد طلبہ و طالبات کو وولنٹیر ازم کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے اور یہ بتانا ہے کہ وہ بحیثیت طالبعلم کیسے دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید  کہا  کہ یہ یوتھ گیدرنگ آپ کے لیے زندگی کا ایک بہترین تجربہ ثابت ہوگا جس سے آپ  کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔