پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں شہباز شریف


ریاض (صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ، پاکستان کی ہنرمند افرادی

قوت کیلئے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع کے حوالہ سے جلد بڑی پیشرفت متوقع ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح اور ایڈوائزر رائل کورٹ محمد التویجری نے عرب-اسلامک سمٹ کے موقع پر ملاقات کی جس میں دونوں

ممالک کے درمیان حالیہ اقتصادی تعاون کے حوالے سے پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں ، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو فورم کے موقع پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات انتہائی مفید رہی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل تھا۔وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کااظہار کیا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کے دورہ پاکستان میں تعاون کی 2.8 ارب ڈالر کی جن مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان میں سے 8 پر کام کا آغاز ہو چکا ہے ۔

وزیراعظم نے عرب-اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پرتپاک میزبانی پر
سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پاکستان سے بڑی تعداد میں ہنر مند افرادی قوت کے لئے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے جلد ایک بڑی پیشرفت متوقع ہے ، دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون عملی شکل اختیار کررہا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں پاک-سعودی بزنس فورم میں پاکستانی اور سعودی کاروباری اداروں کے درمیان بات چیت نے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی ہے اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو گہرا کیا ہے ،

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے ذریعے ہونے والی پیشرفت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔وزیراعظم نے سعودی قیادت کے وژن 2030 کو سراہتے ہوئے پاکستان کی جانب سے اس کی بھرپور حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار کر رہے ہیں۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔