گجرات(صباح نیوز) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ فطری طور پر کمزور گردانی جانے والی عورت کے پاس نیت و ارادے کی ایسی قوت ہے کہ وہ چاہے تو حالات کے دھارے کو یکسر بدل دے اور قران کی تعلیم عورت کے ارادے کو مضبوطی ، استقامت اور جلا بخشتی ہیں اور وہ راہ مستقیم پر چل پڑتی ہے۔
ان خیالات کا اظہارڈاکٹر حمیرا طارق نے ضلع گجرات میں قرآن انسٹی ٹیوٹ برائے خواتین کھاریاں کی سالانہ تقریبِ تقسیمِ اسناد سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈاکٹر حمیرہ طارق کا کہنا تھا کہ جمات اسلامی فہم القران انسٹیٹیوٹ میں قران کی تعلیمات کے فروغ کے ذریعے عورت کی فلاح اور اصلاح کا فریضہ انجام دے رہی ہے، بد امنی ، مایوسی اور بے یقینی کی فضا میں روشن مستقبل کی منصوبہ بندی لیے ہوئے جماعت اسلامی امید سحر ہے۔انہوں نے طالبات سے کہا کہ خود کو کمزور نہ سمجھیں اور اقامتِ دین کی اس جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی ثمینہ احسان نے جماعتِ اسلامی کے شعبہ جات کا تعارف دیتے ہوئے حاضرین کو جماعت اسلامی کا ممبر بننے کی خصوصی دعوت دی۔ مرکزی نگران شعبہ تربیت ڈاکٹر رخسانہ جبین نے سورہ ملک پر تذکیری گفتگو کی۔ ادارے کی پرنسپل صاحبہ نے انسٹی ٹیوٹ کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ پروگرام میں ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی اور ڈاکٹر زبیدہ جبین نے خصوصی شرکت کی۔