شہریوں کو تفریح کے مساوی مواقع مہیا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،مریم نواز شریف

لاہور(صباح نیوز) وزیر اعلی مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ تھل ڈیزرٹ آٹو موبائل ٹورازم سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا، پنجاب کے شہریوں کو تفریح کے مساوی مواقع مہیا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،جنو بی پنجاب کے تین اضلاع میں ٹی ڈی سی پی نویں تھل ڈیزرٹ ریلی کا آغاز ہو گیا۔جمعرات کے روز وزیر اعلی مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ٹی ڈی سی پی ڈیزرٹ ریلی کیلئے بھرپور معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نویں ٹی ڈی سی پی تھل ڈیزرٹ ریلی کے شرکا اور شائقین کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں،

انہوں نے ٹی ڈی سی پی تھل ڈیزرٹ ریلی کے شرکا ریسرزکیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،پنجاب کے شہریوں کو تفریح کے مساوی مواقع مہیا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، ٹی ڈی سی پی تھل ڈیزرٹ ریلی میں خواتین ڈرائیور زکی شمولیت خوش آئند ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ آٹو موبائل ٹورازم جیسے مقابلوں سے نوجوانوں کو صلاحیتوں کے ا ظہار کے مواقع ملتے ہیں،تھل ڈیزرٹ آٹو موبائل ٹورازم سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا ،ٹی ڈی سی پی کے زیر اہتمام نویں تھل ڈیزرٹ ریلی پنجاب کے تین اضلاع مظفر گڑھ، کوٹ ادواور لیہ میں منعقد ہوگی،کوٹ ادو کے چھانگا مانگا ٹیلہ پر ریس کے شرکا کی رجسٹریشن، ٹیگنگ، انسپکشن اور طبی معائنہ ، ڈیزرٹ ریلی کے ڈراز کی بنیاد پر نویں تھل ڈیزرٹ ریلی کا کوالیفائیڈ رائونڈ ہوگا،شائقین کو محظوظ کرنے کے لئے ہارس ٹریک پر شاہی سواری کا مظاہر ہ ہوگا،روایتی کبڈی، نیزہ بازی اور روایتی جھومر بھی پیش کیا جائے گا،9 نومبر کو کوٹ ادو، چوبارہ میں سٹاک کیٹگری ریس ہوگی،لیہ میں نیزہ بازی اور کبڈی کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے،شائقین کی تفنن طبع کیلئے کلچرل نائٹ اور آتش بازی کے مظاہر ے بھی کیے جائیں گے،10نومبر کو تھل ڈیزرٹ ریلی میں خواتین ڈرائیورز کی جیپ ریس کے مقابلے ہونگے،کوٹ ادو اور چوبارہ میں ڈرٹ بائیک اور کواڈ بائیک ریس ہوگی، نویں تھل ڈیزرٹ ریلی جیتنے والوں کے لئے تقریب تقسیم انعامات مظفر گڑھ کے فیصل سٹیڈیم میں ہوگی۔