لاہور میں فضائی آ لود گی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب

لاہور(صباح نیوز )سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ کے تدارک کیلئے کورونا طرز کے اقدامات کرنا ہو ں گے، سکولز کو آن لائن کیا ہے چھٹی نہیں دی، پچاس فیصد سٹاف گھروں سے کام کرے گا، شہری ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سمیت اعلی حکام بھی موجود تھے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سموگ کے تدارک کیلئے کام کررہے ہیں، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈکس 1100 سے تجاوز کر چکا ہے ،ائیرکوالٹی انڈکس پانچ سو تک رہا جو بہت خطرناک ہے ،بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے پاکستان آنے والی تیز ہوا سے لاہور میں آ لودگی میں اضافہ ہوا ہے ،وزیراعلی پنجاب نے بھارت سے ڈپلومسی کی بات کی،جب تک دونوں ممالک کام نہیں کریں گے سموگ رہے گی،ایسٹرن کوریڈور ہوا کی وجہ سے لاہور کا ائیرکوالٹی خراب ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اب تک گلے کی خرابی کے 900 مریض لاہور کے ہسپتالوں میں داخل ہو چکے ہیں ،ہم اسوقت ہوا نہیں بلکہ میتھین گیس کو سانس کے ذریعے لے رہے ہیں، لاہور کے مالز میں رش لگا ہوا تھا۔ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شہری گھروں میں رہیں،ماسک کا استعمال لازمی کریں،سیف سٹی اور ٹریفک پولیس بھی ماسک پہننے پر عملدرآمد کروائے گی، شہری کہیں بھی جائیں لیکن بوڑھے لوگ اور بچے باہر نہ نکلیں، جب تک ذمہ داریوں کا احساس نہیں ہوگا سموگ کا خاتمہ ممکن نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے حوالے سے اہم اعلانات کرنے جارہے ہیں، مختلف محکموں کو سموگ پر قابو پانے کیلئے ٹارگٹس دیئے گئے ہیں جن میں شعبہ ایجوکیشن، صحت اورزراعت سمیت دیگر محکمے شامل ہیں، لاہور میں سموگ وار روم میں ڈیٹا مانیٹر کررہے ہیں جس کی نگرانی وزیر اعلی مریم نواز شریف خو د کر رہی ہیں، مریم نواز پچھلے آٹھ ماہ سے سموگ پر کا م کر رہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے پرائمری سکولز کو بند کیا تھا، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں سکولز ہائر سکینڈری تک بند کررہے ہیں جبکہ سکولز آن لائن کلاسز پر ہوں گے چھٹی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کا ائیرکوالٹی انڈکس بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، بھارت کے شہروں راجستھان، جے پور اور بیکانیر کی طرف سے ہوا آنے کی وجہ سے ملتان میں سموگ بڑھی ہے ،گزشتہ چار روز سے بھارتی ہوا کا رخ پاکستان کی طرف ہے جس سے پاکستان میں سموگ کی خطرناک صوررتحال دس دن تک جاری رہے گی ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرائیوٹ اور پبلک آفسز کو 50فیصد گھروں سے کام کرنا ہوگا جبکہ سرکاری دفاتر میں میٹنگز صرف آن لائن ہوں گی، کسی اور دفتر جانے کے بجائے میٹنگز زوم پر ہوں گی اور اس فیصلے کا اطلاق 17نومبر تک ہوگا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب کے عوام کیلئے دن رات کا م کیا،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سموگ کے خاتمے کیلئے موثر مہم چلانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نبر د آزما ہونے کیلئے سب کو کام کرنا ہو گا ۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سموگ پر قابو پانے کیلئے موثر مہم چلانے میں تعاون کرنے پر میڈیا کا شکریہ بھی ادا کیا۔