سپیکرقومی اسمبلی کی ڈی آئی جی اسلام سے ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں حالیہ بینک ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی بروقت گرفتاری پر اسلام آباد پولیس کی کامیاب کارروائی کو سراہا اور پولیس کو مبارکباد پیش کی۔تفصیلات کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے منگل کو ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا سے ملاقات کی۔ملاقات میں ایازصادق نے پولیس فورس کی فوری اور موثر کارروائی پر اظہار تحسین کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے عوام میں پولیس پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کیلئے بہترین اقدامات کیے ہیں۔اسپیکر نے کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں دارالحکومت کو ایک محفوظ شہر بنانے کی جانب اہم قدم ہیں اور حکومتی عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ سیکیورٹی کے مسائل کا مستقل حل اور ایک پرامن معاشرے کا فروغ ممکن بنایا جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ایک محفوظ اور پرامن ماحول ضروری ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا اور ان کی ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد اور اعلی کارکردگی پر شیلڈ دی اورمستقبل میں عوام کی خدمت اور جرائم کے خاتمے کے عزم پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔