آزادی کے حصول تک کشمیری عوام بھارتی قبضے کیخلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔غلام محمد صفی

مظفرآباد(صباح نیوز)  کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک جدوجہد  کو ہر محاذ پر جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ ریاست جموں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کے خاتمے ، حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی مزاحمت ہر محاذ پر جاری رہے گی۔

وہ سینٹرل پریس کلب میں دیگر آزادی پسند راہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہو ںنے کہا کہ پوری قوم  6 نومبر 1947 کے عظیم المرتبت شہدائے کرام کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ جنہیں اس وقت کے بھارتی حکمرانوں کی شہ پر ڈوگرہ فوج ، ہندو انتہا پسند تنظیموں ، سکھ جتھوں نے مل کر اجتماعی قتلِ عام کا نشانہ بنایا۔ انکا کہنا تھا کہ ستتر برس گزرنے کے باوجود کشمیری عوام 6 نومبر کے بدترین سانحات کو نہیں بھولی جو صوبہ جموں کے مختلف علاقوں میں دہرائے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکمرانوں نے ایک سازش کے تحت چار لاکھ مسلمانوں کو اجتماعی قتلِ عام کا نشانہ بنایا اور لاکھوں خاندانوں کو ریاست بدر ہجرت پر مجبور کیا جس کی وجہ سے صوبہ جموں کی غالب مسلم اکثریت اقلیت میں تبدیل ہو گئی۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ 1989 کے بعد اب تک سوال لاکھ کشمیریوں کو بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں آزادی ، حقوق اور انصاف مانگنے کی پاداش میں شہید کرچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کیخلاف ایک بھرپور مزاحمت چلا رہے ہیں جو تا حصول آزادی جاری رہے گی۔ انکا کہنا تھا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کا ایسا حل چاہتی ہے جس میں کشمیری عوام کی مرضی و منشا شامل ہو ۔

حریت کانفرنس اقوامِ متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے  لیے  اپنی زمہ داریوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ بھارت جبرواستبداد سے کشمیری عوام کی جدوجھد آزادی کو کچل نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کسی بھی تعلق اور اقدام کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط رکھے۔ ان کا کا کہنا تھا کہ حریت کانفرنس بھارت کی جیلوں میں مقید تمام کشمیری اسیران محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ، مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی ، قاسم فکتو ، ایاز اکبر ، سیف اللہ پیر ، ڈاکٹر حمید فیاض سمیت دیگر تمام اسیران کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں آباد کشمیری بھارت کے زیرِ قبضہ ریاست جموں کشمیر کی آزادی کیلئے مزاحمت کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی کے ہمراہ  دیگر راہنماؤں مشتاق احمد بٹ ، عبدالحمید لون ، عزیر احمد غزالی ، نذیر احمد کرناہی ، مشتاق الاسلام ، زاہد اشرف ، سید گلشن احمد ، عثمان علی ہاشم ، محمد اشرف ڈار ، مسلم یوتھ آرگنائزیشن کے راہنماں ثاقب سدوزئی بھی موجود تھے