لندن (صباح نیوز)مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف لندن سے امریکا کیلیے روانہ ہوگئے۔ دبئی میں ایک روز قیام کے بعد نواز شریف گزشتہ روز ہی لندن پہنچے تھے جہاں ان کی رہائش گاہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے باہر کارکنوں نے اپنے لیڈر کا استقبال کیا تھا۔
لندن میں ایک روز قیام کے بعد نواز شریف پیر کو اپنے دورہ امریکا کے لیے روانہ ہوگئے۔لندن سے امریکا کے لیے روانگی کے وقت ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ کا دورہ امریکا نجی نوعیت کا ہے، ایک اور صحافی نے پوچھا میاں صاحب آپ وزیر اعظم کیوں نہیں بنے،
ایک صحافی نے سوال کیا کہ گزشتہ سال 21 اکتوبر کو آپ چوتھی بار وزیراعظم بننے کے لیے پاکستان گئے تھے، عوام دیکھ رہی تھی کہ آپ وزیر اعظم بنیں گے، آپ وزیر اعظم کیوں نہیں بنے؟ان سوالات کے جواب میں نواز شریف نے کوئی جواب دینے کے بجائے صحافی سے پوچھا کہ میری امریکا روانگی سے پہلے کیا یہ سوال پوچھنا ضروری ہے؟لندن پہنچنے کے بعد مسلم لیگ(ن) کے صدر میڈیا سے بات چیت کیے بغیر ہی اپنے گھر میں چلے گئے تھے۔
واضح رہے کہ نواز شریف 25 اکتوبر کو غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 625 کے ذریعے دبئی روانہ ہوئے تھے، ان کی روانگی کے موقع پر پارٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ 29 اکتوبر کو لندن سے نواز شریف امریکا جائیں گے، جہاں وہ 4 روز رکنے کے بعد واپس لندن پہنچیں گے۔