الخدمت بنو قابل پروگرام کراچی کے نوجوانوں کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ اور گیم چینجر ہے،منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ الخدمت بنو قابل پروگرام کراچی کے نوجوانوں کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ اور گیم چینجرہے اس سے نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کا مستقبل بہتر بنے گا ،الخدمت بنوقابل پروگرام میں 50ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کورسز مکمل کرچکے ہیں۔آج بنوقابل ٹیسٹ میں 10ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔ہماری کوشش ہوگی کہ ان تمام طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورس کروائیں۔ وطن عزیز کی تعمیر کے لیے بنوقابل پروجیکٹ کا آغاز کیا گیا،نوجوانوں کو وطن عزیز کے لیے کام کرنا ہے اور والدین کا سہارا بننا ہے ،نوجوانوں کو تعلیم مہیا کرنا دراصل ریاست کا کام ہے ، انہیں تعلیم ،صحت جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کو مایوس ہونے دے گی نہ انہیں تنہا چھوڑے گی ،کراچی میں جماعت اسلامی کے 9ٹاؤنز ہیں ، ہم ٹاؤنز کی سطح پر بھی فری آئی ٹی کورسزکروائیں گے ۔کراچی کے طلبہ وطالبات آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور اپنا روزگارخود حاصل کرسکیں گے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے الخدمت وجماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت ہاکی گراؤنڈ نارتھ کراچی سیکٹر 11-A میں ویب ڈویلپمنٹ، ویب ڈیزائننگ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کے مختلف کورسز مفت کروانے کے لیے ”الخدمت بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0” میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تمام شرکاء نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ کورس کی صورت میں پڑھا جبکہ بنوقابل کا ترانہ بھی پیش کیا گیا ۔ٹیسٹ میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا ۔ تقریب سے الخدمت کراچی کے سی ای او نوید علی بیگ ،امیرجماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ خان ،ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف،مہتمم جامعہ بنوریہ سائٹ مفتی نعمان نعیم ، معروف فنکار سلیم آفریدی ودیگر نے بھی خطاب کیا، سلیم آفریدی نے الخدمت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شرکاء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر تقریب میں شریک مسٹر یونیورس رمیز احمد کو امیر ضلع شمالی طارق مجتبیٰ نے گلدستہ پیش کیا ۔گراؤنڈ میں قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر ایک بہت بڑا سا بل بورڈ لگا ہوا تھا جس پر تحریر تھا کہ اب وقت ہے آگے بڑھنے کا ،اسٹیج کے عقب میں ایس ایم ڈی لگائی گئی تھی جس پر بنوقابل پروجیکٹ کے بارے میں بتایاجارہا تھا۔وسیع و عریض ہاکی گراؤنڈ میں شریک طلبہ وطالبات کے لیے ہزاروں کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا ، طلبہ و طالبات کی غیر معمولی حاضری کے باعث جگہ تنگ پڑگئی جس کے بعد فرشی نشستوں کا اہتمام کیا گیا ۔منعم ظفر خان نے مزید کہاکہحافظ نعیم الرحمن نے 2 سال قبل کہا تھا کہ ہم کراچی کے نوجوانوں کا ہاتھ تھامیں گے اور آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت اسی اسپرٹ کے ساتھ جدو جہد کر رہی ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بیش بہا نعمتوں سے مالا مال کیا ہے۔پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد 65فیصد ہے اور نوجوان ہی ملک کا سرمایہ ہوتے ہیں۔نوجوانوں کو فری تعلیم اور کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کرنے کی ذمہ داری  ریاست اور حکومت کی ہوتی ہے۔ ہم حکمرانوں کو بھی مجبور کریں گے کہ اپنی ذمہ داری پوری کریں اور اپنے حصے کا دیا بھی جلاتے رہیں گے۔نوجوان مایوس نہ ہوں ،محنت کر یں ، علم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھیں اور ملک کا نام روشن کریں۔نوید علی بیگ نے کہاکہ  ہم   شروع میں کراچی میں صرف ایک جگہ پروگرام کرتے تھے لیکن اب کراچی کے تمام اضلاع میں بنو قابل پروجیکٹ کے پروگرامات کیے جارہے ہیں۔ الخدمت و جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ ہم نوجوانوں کو آگے بڑھائیں گے۔ ہم نے پہلے پروگرام میں 15 کورسز کروائے تھے اب بڑھا دیے ہیں۔ جو طلبہ و طالبات کورسز پورے کرلیں گی ان کے لیے banoqabiljob.comپورٹل لانچ کردیا ہے ۔کورسز مکمل کرنے کے بعد طلبہ و طالبات اس پورٹل کے ذریعے جاب بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔ طارق مجتبیٰ نے کہاکہ بد قسمتی سے ہمارے حکمرانوں کو تعلیم سے کوئی غرض نہیں ہے۔ حکمران اپنے بچوں کو تو مہنگی اور معیاری تعلیم دلوانے کے لیے ملک سے باہر بھیج دیتے ہیں لیکن عوام کا کوئی خیال نہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے نوجوانوں کے لیے علم کے چراغ روشن کرنے کا بیڑا ُاٹھایا ہے۔ گزشتہ 2سال میں 50 ہزار سے زائد نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے فری آئی ٹی کی تعلیم حاصل کی ہے۔

 حافظ نعیم الرحمن کا ویژن یہی ہے کہ پورے پاکستان سے 10لاکھ نوجوانوں کو فری آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔محمد یوسف نے کہاکہ نیو کراچی جسے لاوارث سمجھا جاتا تھا ، یہ بدحال تھا ہم نے خواب دیکھا تھا کہ نیو کراچی کو پھر سے آباد کریں گے۔آج اسے آباد کر رہے ہیں ،الخدمت و جماعت اسلامی کے تعاون سے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو تعلیم کے  زیور سے آراستہ کررہے ہیں۔ کراچی کے 25 ٹاؤنز میں سے واحد نیو کراچی ٹاؤن ہے جس نے عوام کے لیے واٹر پارک بنایا اور عوام کو ٹینکروں کے ذریعے نہیں نلکوں کے زریعے پانی پہنچایا، ہم نے نیو کراچی میں سڑکیں تعمیر کیں اور ہم نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کررہے ہیں۔ مفتی نعمان نعیم نے کہاکہ آج میرے لیے انتہائی خوشی و مسرت کی بات ہے ہزاروں نوجوان بچوں اور بچیوں سے مخاطب ہوںاور میں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں کہ ہزاروں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں الخدمت جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ڈیجیٹل اسکلز حاصل کرنے کے لیے جمع ہیں، محتاجی سے خود مختاری تک کے سفر میں الخدمت اور جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ نوجوانوں کو تیار کررہے ہیں اور ان کا مستقبل سنواررہے ہیں۔