وانا(صباح نیوز)جنوبی وزیرستان میں سابق سینیٹر صالح شاہ کے گھر کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے سابق سینیٹر صالح شاہ کے گھر کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا۔ دھماکے سے گھر مکمل طور پر منہدم ہوگیا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر مشتبہ افراد کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا۔مولانا محمد صالح کے فرزند مولانا شمس الزمان نے کہا ہے کہ نامعلوم افراد نے ہمارے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور دھماکا کیا،
اس وقت میرے والد گھر میں موجود نہیں تھے۔انہوں نے بتایا کہ اہلِ خانہ فائرنگ سے محفوظ رہے، البتہ گھر میں کلاشنکوف اور دیگر اسلحے کے خول پڑے ہیں۔مولانا شمس الزماں نے یہ بھی بتایا ہے کہ میرے والد صالح شاہ جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنما ہیں۔واضح رہے کہ سینیٹر صالح شاہ کے گھر واقع گومل ٹانک پر چند سال قبل بھی حملہ کیا گیا تھا۔ سابق سینیٹر صالح شاہ نے ٹی ٹی پی اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔