ساموا (صباح نیوز)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے پلیٹ فارم کے طور پر کامن ویلتھ بزنس فورم کے اہم کردار کی ضرورت پر زور دیا ہے جس سے دولت مشترکہ کے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ساموا میں دولت مشترکہ بزنس فورم سے اپنے خطاب میں نائب وزیر اعظم نے دولت مشترکہ میں اقتصادی جدید کاری اور پیداواری صلاحیت کو تیز کرنے کے لیے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور تبدیلی کی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ دولت مشترکہ میں افرادی قوت کی استعداد کو بڑھانے کی اہمیت کی جانب توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے تعلیم، ہنر مندی کی نشوونما اور صنعت کاری میں فوری سرمایہ کاری کی جانی چاہیے جو تکنیکی جدت اور اقتصادی تبدیلی کا کلیدی محرک ہے۔
نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دولت مشترکہ کی خوشحالی میں کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پائیدار ترقی، انٹرا کامن ویلتھ تجارت میں اضافہ اور اقتصادی و سماجی ترقی کے لیے مشترکہ وژن اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاکستان کی قومی کوششوں کا بھی ذکر کیا جس کا مقصد اپنی افرادی قوت کو بااختیار بنانا اور اسے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی عالمی معیشت کے لیے تیار کرنا ہے