یحییٰ سنوار کی شہادت، فلسطینی قوم کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)نو منتخب امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اسرائیل نہتے اور مظلوم مسلمانوں پر اپنے مظالم کی انتہا کر چکا ہے، نسل کشی کی جا رہی ہے، مگر عالمی برادری کا ضمیر مردہ ہو چکا ہے۔دو ریاستی حل کا نعرہ لگانے والے درحقیقت  اسرائیل کو تقویت پہنچا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حماس کے 4 سربراہان شیخ احمد یاسین،عبدالعزیز الرنتیسی،اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار  اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ہیں، مگر یہ سلسلہ اللہ کے فصل و کرم سے جاری ہے۔کفر کے خلاف کبھی اپنا سر تسلیم خم نہیں کریں گے ۔اسلامی دنیا کے حکمران خاموشی کا مظاہرہ کر کے اسرائیل اور امریکا کی عملاً حمایت کر رہی ہے جو کہ ناقابل معافی جرم ہے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ اسلامی دنیا اور بالخصوص اسلام آباد غزہ کے مظلومین کی مدد کے لیے عملی اقدام اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ یحییٰ السنوار نے اپنی زندگی کے 22 سال اسرائیل کے بدنام زمانہ جیلوں میں گزار دیے مگر صہیونی قبضے کو تسلیم نہیں کیا، غزہ کے 42ہزار شہدا اور حماس کے رہنمائوں وکارکنوں کی شہادتیں اور ان کے خاندان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان شااللہ وہ دن دور نہیں جب مجاہدین اور فلسطینی عوام کی لازوال قربانیوں کی بدولت مسجد اقصیٰ آزاد ہوکر رہے گی۔

محمد جاوید قصوری نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے صدر جو بائیڈن کو خط لکھنے کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپس لائے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی 16 برسوں سے امریکی جیل میں قید اور تشدد برداشت کر رہی ہیں۔ان کی جلد رہائی کیلیے حکومت کو مسلسل کوششیں کرنا ہوں گی۔ اس وقت پوری دنیا میں 22ہزار پاکستانی مختلف جیلوں میں قید ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت پاکستان  بیرون ملک میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوئی سنجیدہ قدم اٹھائے