اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت اور وزیراعظم نے انسدادِ منشیات کے کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کو شمالی بحیرہ عرب میں انسداد منشیات کا بڑا اور کامیاب آپریشن کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے مشتبہ کشتی سے بڑی مقدار میں منشیات پکڑنے پر پاک بحریہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کی ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ شمالی بحیرہ عرب میں کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کے ساتھ کامیاب آپریشن پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا عکاس ہے۔ مشترکہ آپریشن میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز پی ایم ایس ایس کولاچی نے حصہ لیا، مشترکہ آپریشن میں امریکی بحریہ کے ائیر کرافٹ کیرئیر یو ایس ایس ابراھم لنکن، امریکی کوسٹ گارڈ اور پاک بحریہ کے ہوائی جہازوں نے بھی مدد فراہم کی۔
صدر مملکت نے پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت اور سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔علاوہ ازیںوزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کے کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کے ساتھ مل کر انسدادِ منشیات کے کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاک بحریہ کی متحرک قیادت کی بدولت 1.3 ٹن منشیات کی روک تھام ممکن ہوئی۔جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ منشیات کی اتنی بڑی مقدار کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنانا قابل ستائش ہے،پوری قوم کو پاک بحریہ کے جوانوں پر فخر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ منشیات کا مکمل سد باب انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے انتہائی اہم ہے،حکومت پاکستان انسداد منشیات کے مشن میں پاک بحریہ کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔