اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے متعلق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے 10 ویں اہم اجلاس میں بہت بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور پوری کمیٹی نے حتمی مسودہ کی متفقہ منظوری دے دی ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے خصوصی کمیٹی میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کو بریفنگ دی اور پوری کمیٹی نے متفقہ طور پر مسودے کی منظوری دے دی ہے، لہذا حتمی مسودہ اب تیار ہے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے عامر ڈوگر نے مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا ہے لیکن ان کے کوئی تحفظات ہو سکتے ہیں اور انہوں نے یہ بات اجلاس میں کہی بھی ہے کہ چونکہ میں ایک پارٹی کی نمائندگی کرتا ہوں، لہذا میں پارٹی کی جو رائے ہوگی اسے ضرور دیکھوں گا لیکن یہ جو ڈرافٹ سامنے آیا ہے بالعموم اس سے مجھے اتفاق ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ بہت بڑی اور اچھی پیش رفت ہوئی ہے کہ کسی پارٹی کی طرف سے کوئی اختلافی نوٹ نہیں آیا، کوئی اختلاف نہیں آیا اور کوئی تحفظات نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کا اتفاق رائے سے یہ مسودہ منظور کر لینا بہت بڑی پیش رفت ہے۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کی جماعت اور ساری پارٹیاں موجود تھیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اس کمیٹی میں اب مسودے پر بحث ختم ہو گئی ہے، اب یہ مسودہ کابینہ کے پاس جائے گا اور کابینہ اس کی منظوری دے گی اور پھر ایوان میں پیش ہوگا۔