فتح جنگ(صباح نیوز)ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب نوابزادہ چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ حلقہ کی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں۔اس خبر رساں ادارے کے مطابق ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی نوابزادہ چوہدری شیر علی خان نے گلی جاگیر آفس میں حلقہ کی عوام سے ملاقات کی ۔حلقہ کی عوام نے ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی نوابزادہ چوہدری شیر علی خان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر نے حل طلب عوامی مسائل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ آفیسران کو ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے ضلعی سینئر نائب صدر میر نوید اختر بھی موجود تھے ۔ بعد میںصوبائی وزیر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں۔عوام کے مسائل کو حل کرنا اور حلقہ کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔چوہدری شیر علی نے کہا کہ حلقہ کی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے حلقہ کے ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز فراہم کر دیئے ہیں۔ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔مقامی نمائندے ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں گے۔