لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حماس کے سربراہ یحیی سنوار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کے سربراہ یحیی سنوار نے بھی ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، امیر جماعت نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ شیخ احمد یاسین، عبدالعزیز رنتیسی اور اسماعیل ہنیہ کے بعد حماس کے شہید ہونے والے چوتھے سربراہ ہیں۔
بلاشبہ ان کی شہادت تحریک حماس کو مزید سرخرو کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ شہادتوں کا یہ سفر اہل غزہ کو منزل کے قریب تر کر رہا ہے، شہدا کی قربانیوں سے ان شا اللہ بیت المقدس آزاد ہو گا،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر مختلف شہروں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد یحیی سنوار کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔