لاہو ر(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ تحریک حماس نے مزاحمت کی تاریخ رقم کر دی، شہدا کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گیں اور مسجد اقصی صہیونیوں کے قبضہ سے آزاد ہو گی، اسلامی دنیا کے حکمران خاموشی کا مظاہرہ کر کے اسرائیل اور امریکا کی عملا حمایت کر رہی ہیں، ناقابل معافی جرم ہے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ اسلامی دنیا اور بالخصوص اسلام آباد غزہ کے مظلومین کی مدد کے لیے عملی اقدام اٹھائے۔
یحیی سنوار کے اہل خانہ، اہل فلسطین اور حماس کے مجاہدین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں حماس کے رہنما شہید یحیی سنوارکی غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔ شیخ القرآن مولانا عبدالمالک، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف و دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی