عافیہ کی رہائی کیلئے وزیراعظم کے خط کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

اسلام آباد (  صباح نیوز )  گلوبل عافیہ موومنٹ کی رہنما اور ملک کی معروف نیورو فزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے امریکی انتظامیہ کو خط لکھنے پروزیراعظم پاکستان کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں۔ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے جاری کوششوں کے سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت میں آئینی پٹیشن نمبر 3139/2015 کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل منصور اقبال ڈوگل نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے عافیہ صدیقی کی معافی کے لیے امریکی صدر کو خط لکھا ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے ایڈووکیٹ عمران شفیق عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے اس معاملے میں تیزی سے عملدرآمد پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان کا خط عافیہ کی وطن واپسی کی راہ ہموار کرے گا۔بعد ازاں اس مثبت پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف کے خط کے بعد اب ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلد رہائی کے لیے حکومت کو مسلسل کوششیں کرنی ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اپنے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کر نے پر پوری قوم حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی اور پاکستانی عوام کا اپنی حکومت اور سسٹم پر اعتماد بحال ہوگا۔ وزیراعظم کا خط پہلا قدم ہے،اب حکومت اگلے قدم اٹھانے کے لیے رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کی رہائی کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی وفود بھی امریکا بھیجے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری بھی رحم اور انسانی ہمدردی کی  بنیادوں پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن کو خطوط لکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا اپنے شہریوں کی رہائی کے لیے خط لکھنے کے اقدام سے پاکستان کی حیثیت اقوام عالم میں مزید بہتر ہوگی۔  اگر حکومت ایسے ہی جراتمندانہ اقدامات کرتی رہی تو یہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے قرضوں کے جال کو توڑ کر ملکی معیشت کی حالت بہتر بنا سکتی ہے۔عافیہ موومنٹ پاکستان کے بانی رہنما اورپاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق امریکی انتظامیہ کو حکومت پاکستان کے خط کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت پاکستان نے غیر قانونی طور پر بیرون ملک میں قید اپنے کسی شہری کے لیے واقعی کوئی سنجیدہ قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بہادرانہ اقدام پر وزیر اعظم شہباز شریف کو سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ جاری رکھے گی۔