ملک و بیرون ممالک خدمات کے اعتراف میں ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کاالخدمت فاؤنڈیشن کے لیے ایوارڈ

لاہور(صباح نیوز)  الخدمت فاؤنڈیشن  پاکستان کی ملک و بیرون ممالک خدمات کے اعتراف میں ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان  نے انسانی حقوق کے ایوارڈسے نوازا گیا۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان  کی جانب سے  یہ ایوارڈ   نائب صدر محمدعبدالشکورنے وصول کیا۔ اس سلسلے میں 40ویں ہیومن رائٹس ایوارڈز تقریب  لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں خدمت خلق ،انسانی حقوق ،  ادب اور صحافت میں نمایاں کارکردگی اور خدمات سر انجام دینے والی شخصیات اور اداروں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ خدمت خلق کے شعبہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ ساتھ  ادب میں عوامی شاعر شاکر شجاع آبادی  اور صحافت میں  ارشد شریف مرحوم کو بھی ایوارڈ دیا گیا ،جو ان کی اہلیہ  جویریہ صدیق نے وصول کیا۔

 اس موقع پر صدر ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان  سید عاصم ظفر،نائب صدر الیگزینڈر جان ملک،جاوید نواز، سیکرٹری جنرل ایم ۔اے۔شکوری ، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن شہزاد شوکت،سینئر صحافی سہیل وڑائچ،صدر چیمبر آف کامرس میاں ابوذر شاد،ہمدرد سے  علی بخاری اورسینئر منیجر میڈیا ریلشنز  شعیب ہاشمی   سمیت ادبی،صحافتی،مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکا اور منتظمین نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کوسراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔

اِس موقع پر محمدعبدالشکورنے ہیومن رائٹس سوسائٹی آف  پاکستان کے عہدیداران کاشکریہ اداکرتے ہوئے انسانی حقوق ایوارڈ کے بانی قانون دان ایس ۔ایم ۔ظفر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خالصتا انسانی بنیادوں پر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ الخدمت نے  زلزلہ،سیلاب،کورونا سمیت پاکستان میں کسی بھی ناگہانی آفت میں اپنا موثرکرداراداکیا ہے ۔الخدمت کے رضاکارہمارا سرمایہ ہیں جو اپنی جان کو خطرات میں ڈال کرانسانی جانوں کومحفوظ بناتے ہیں،الخدمت نے ترکیہ کے حالیہ زلزلے میں حکومت ترکیہ کی دعوت پروہاں خدمات سرانجام دیں،ترکیہ کے صدررجب طیب اردغان نے تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔