مولانا فضل الرحمان آئین کے تحفظ کی جنگ لڑرہے ہیں،فواد چوہدری

اسلام آباد (صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت اگر پاکستان میں آئین کے تحفظ کی جنگ کوئی لڑ رہا ہے تو وہ مولانا فضل الرحمان ہیں۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ جس طرح مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ رات اپنا موقف  پیش کیا وہ وکلا برادری کی امنگوں کے نزدیک ہے، ان کا موقف پاکستان کی جمہوری قوتوں کے موقف کے نزدیک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت عدالتوں کے تحفظ کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اگر ہم وکلا اور ججز عدالتوں کا تحفظ نہ کر سکے تو نادر شاہی دور واپس آ جائے گا، یہاں پر جو انصاف پہلے ہی موجود نہیں ہے وہ بالکل ہی ختم ہو جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کی نظریں مولانا فضل الرحمان پر ہیں، مولانا نے آئینی ترامیم پر جو لڑائی لڑی ہے اس پر قائم رہتے ہوئے وہ پیپلز پارٹی کو اپنے موقف پر لے کر آئے ہیں تو قابل تحسین ہے، آزاد عدلیہ ہوتی ہے تو رول آف لا ہوتا ہے ورنہ نہیں ہوتا۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اس وقت مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہی چل رہی ہے، مولانا فضل الرحمان گرینڈ اپوزیشن کا حصہ ہیں، وہ اپوزیشن پارٹیوں کی قیادت کر رہے ہیں، تحریک انصاف بھی ان ہی کی حکمت عملی پر چل رہی ہے۔