فتح جنگ،پنڈی گھیب کھوڑ روڈ کے افتتاح کی تیاریاں شروع


فتح جنگ(صباح نیوز) علاقہ مکینوں کی دعائیں رنگ لے آئیں۔ عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے کو ہے۔فتح جنگ،پنڈی گھیب کھوڑ روڈ کے افتتاح کی تیاری شروع ہو گئیں۔

اس حوالے سے انتظامیہ نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے۔فتح جنگ سے پنڈی گھیب کھوڑ روڈ کا افتتاح 24 اکتوبربروز جمعرات دن اڑھائی بجے متوقع ہے۔افتتاح کی تیاریوں کی خبر سے علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا جوپنجاب حکومت نے پورا کر دیا۔

حلقہ کی عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز،ایم این اے ملک سہیل خان اور ایم پی اے چوہدری شیر علی خان کا شکریہ اداکیا اور امید ظاہر کی کہ پنجاب حکومت علاقے کے دیگر مسائل کو بھی حل کریگی۔

دوسری جانب ٹرانسپورٹ حضرات نے بھی حکومت پنجاب کی کارکردگی کی تعریف کی۔واضح رہے کہ وزیراعلی مریم نواز نے فتح جنگ سے پنڈی گھیب تک کھوڑ روڈ کیلئے چار ارب ساٹھ کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی تھی۔