لاہور(صباح نیوز)ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے ملک میں خواتین کے خلاف تشدد اور عدم تحفظ پر تشویش کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایشوز اور خیبر پختونخواہ میں امن و امان کی صورتحال کے باعث عوام شدید عدم تحفظ کا شکاراور خوف زدہ ہیں ،اب ملک میں تعلیمی اداروں کے باہر طلبا و طالبات کے احتجاج اور پولیس کے متشدد رویے نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کا مزید برا تاثر قائم کیا ہے-
اپنے جاری بیا ن میں انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات سے ہمارا وطن مذید انارکی اور بدامنی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ ایسے وقت میں جب کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس کے موقع پر ملک کی عزت و وقار اور مہمانوں کا تحفظ ایک بڑا چیلنج ہے، ایسے میں لاہور میں ہونے والا یہ بہیمانہ تشدد اس چیلنج کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔ثمینہ سعید نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ طلبا و طالبات کے اضطراب اور ان پر ہونے والے تشدد کے واقعے کا فوری نوٹس لے اور اس کی شفاف تحقیقات کروا کر ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے، تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں –
تاکہ دوبارہ ایسی نوبت نہ آئیجماعت اسلامی نہتے عوام پر ظلم و تشدد کے خلاف ہمیشہ اواز بلند کرتی رہے گی ، چاہے یہ تشدد دہشت گردوں کی جانب سے ہو ، یا وطن کے محافظوں کی جانب سے ، ہر دو صورتوں میں جماعت اسلامی کی طرف سے قابل مذمت ہے