دبئی (صباح نیوز)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دیکر گروپ 2 میں اپنا رن ریٹ ، پاکستان ،افغانستان اور نیوزی لینڈ سے بہتر کرلیا۔ بھارت کوگروپ 2 میں پاکستان، افغانستان اور نیوزی لینڈ سے اپنا نیٹ رن ریٹ بہتر کرنے کیلئے 86 رنز کا ہدف 7.1اوور میں مکمل کرنا تھا جو اس نے با آسانی7 ویں اوور میں مکمل کرلیا۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی ۔
اسکاٹ لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی بیٹسمین کریز پر جم کر نہ کھیل سکا۔
اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 18ویں اوور میں 85 رنز بناکر آوٹ ہوگئی،جارج مونسے 24 اور مائیکل لیسک 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔بھارت کی جانب سے محمد شامی اور رویندرا جڈیجا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بمراہ نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔بھارت نے 86 رنز کا ہدف2 وکٹوں کے نقصان پر ساتویں اوور میں مکمل کرلیا جس کے بعد بھارت کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار ہیں۔بھارت کی جانب سے کے ایل راہول 50 اور رہت شرما 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔گروپ 1 کی ٹاپ ٹیم گروپ 2 کی دوسرے نمبر والی جبکہ گروپ 1 کی دوسرے نمبر والی ٹیم گروپ 2 کی ٹاپ ٹیم سے سیمی فائنل کھیلے گی۔بھارت نے اپنا آخری میچ نمیبیا کے خلاف 5 نومبر کو کھیلنا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینزٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دلچسپ مقابلے متحدہ عرب امارات میں جاری ہیں