دنیا بھرمیں کشمیر ی 27 اکتوبر بروز اتوار بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ اور غیرقانونی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے، غلام محمد صفی

اسلام آباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر پاکستان شاخ کے کنو ینئر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھرمیں کشمیر ی 27 اکتوبر بروز اتوار کو بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ اور غیرقانونی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے ،اس حوالے سے آل پارٹیز حریت کانفرنس پہلے ہی یوم سیاہ منانے کا اعلان کرچکی ہے ،اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ 27 اکتوبر  1947 کو بھارت نے اپنے فوجی دستے کشمیرمیں اتارکر جموں کشمیر پر غیرقانونی طور قبضہ جمایا جو آج تک جاری ہے۔کشمیری ہرسال اس جابرانہ قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور مناتے ہیں۔

کشمیر پر بھارت کے اس جابرانہ اور غیرقانونی قبضے کے خلاف  مظفر آباد سمیت آزادکشمیر اور پاکستان کے علاوہ بیرون ملک کشمیری احتجاجی مظاہرے کریں گے اور ریلیاں نکالیں گے ، کنوینئر اے پی ایچ سی نے کہا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادرای کی توجہ بھارت کے کشمیر پر جابرانہ قبضے اور  کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جانب مبذول کراناہے تاکہ وہ بھارت پر دباو ڈال کرکشمیر پر اس کے غیرقانونی قبضے کوختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرے ،انہوں نے کراچی میں بھی حکومت ، اپوزیشن ،مذہبی ، سیاسی اور سماجی تنظیموں سے ا پیل کی ہے کہ وہ مظفرآباداور  اسلام آباد کی طرح ایک ہی مقام پر ایک مشترکہ احتجاجی ریلی کا اہتمام کریں تاکہ کشمیری عوام کو یکجہتی کا مضبوط پیغام دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اندر بھی اتحاد و اتفاق کی فضا قائم ہو۔