جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں ہے اور نہ کبھی ہو گا۔ پاکستان

نیویارک(صباح نیوز) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 25 کے تحت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے حق خود ارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنانے کے لیے قانونی طور پر پابند ہے،جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں ہے اور نہ کبھی ہو گا۔پاکستانی مندوب انصار شاہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی خصوصی سیاسی اور ڈی کالونائزیشن (چوتھی) کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ جموں و کشمیر اس کا “اٹوٹ انگہے۔

انہوں نے بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی زیرقیادت استصواب رائے کا مطالبہ کیا تاکہ کشمیری عوام کی مرضی کا تعین کیا جا سکے، جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کا مطالبہ ہے۔مندوب انصار شاہ نے کہا کہ کشمیر کی اس متنازعہ حیثیت کو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری نے تسلیم کیا ہے، جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں ہے، نہ کبھی تھا اور نہ کبھی ہو گا۔اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 25 کے تحت ہندوستان سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے حق خود ارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنانے کے لیے قانونی طور پر پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز نے وحشیانہ طاقت کے ذریعے آزادی کے حامی حریت رہنماں کو قید میں رکھا ہوا ہے اور بہت سے کشمیری رہنما مشتبہ حالات میں زیر حراست جاں بحق ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے تنازعہ کا پرامن حل تلاش کرنے بجائے پاکستان کے خلاف جنگ کا سہارا لیا ہے اور اب اس نے آزاد جموں و کشمیر پر “قبضہ کرنے کی دھمکی دی لیکن وہ یاد رکھے کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی ماں ہے، جس نے اپنی بالادستی کی پالیسیوں کے ذریعے اپنے تمام پڑوسیوں کے خلاف دہشت گردی کا سہارا لیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی تیسرے ممالک میں ٹارگٹڈ دہشت گردانہ قتل کی مہم اب علم عام ہے، اس کے ایجنٹ پاکستان میں کم از کم 22 ٹارگٹڈ قتل کے ذمہ دار ہیں۔مندوب انصار شاہ نے کہا کہ بھارتی دہشت گرد فرنچائز اب عالمی سطح پر چلی گئی ہے ، کم از کم ایک قتل کینیڈا میں کیا گیا اور دوسری کوشش امریکہ میں کی گئی۔انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی اس دھمکی کہ نیا ہندوستان آپ کو مارنے کے لیے آپ کے گھر میں آ رہا ہے کے تناظر میں کہا کہ ہم عرض کرتے ہیں کہ یہ نیا ہندوستان ایک خطرناک ریاست ہے جب تک ہندوتوا- فاشزم کی مخالفت نہیں کی جاتی،جب تک ہندوستان کے مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتوں کو نسل کشی سے محفوظ نہیں رکھا جاتا،جب تک کشمیری عوام کو ہندوستان کے قبضے سے آزاد نہیں کیا جاتا، استعمار، دہشت گردی کے اس ریاستی سرپرست کی طرف سے پھیلائے گئے وسیع تر تشدد اور تنازعات کا خطرہ واضح اور موجودہ خطرہ رہے گا۔